تلنگانہ کے وزیراعلیٰ RevanthReddy# نے عہدیداروں کو سخت ہدایت دی ہے کہ T-Hub، حیدرآباد کو صرف اور صرف اسٹارٹ اپس اور اختراعات کے مرکز کے طور پر ہی برقرار رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ان خبروں پر فوری ردعمل ظاہر کیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ کرائے کی عمارتوں میں چلنے والے بعض سرکاری دفاتر کو ٹی ہب منتقل کیا جا رہا ہے۔ امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری سے فون پر بات کرتے ہوئے اس تجویز کو مسترد کر دیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ کرائے کی عمارتوں میں قائم سرکاری دفاتر کو دیگر دستیاب سرکاری عمارتوں میں منتقل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ہب کی پہچان صرف ایک اسٹارٹ اپ اور اختراعی مرکز کے طور پر ہونی چاہیے۔
ریونت ریڈی نے حکم دیا کہ ٹی ہب میں کسی بھی قسم کے سرکاری یا غیر متعلقہ دفاتر کو قائم نہ کیا جائے اور اس حوالے سے اگر کوئی منصوبہ زیر غور ہو تو اسے فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے۔