ہم کیا پڑھ رہے ہیں، اور دنیا کیا پڑھ رہی ہے؟
کیا ہم نے اپنی فکری دنیا کو محدود کر لیا ہے؟
کتابیں کسی بھی قوم کی فکری وسعت اور مستقبل کی راہ متعین کرتی ہیں۔ اگر آپ کسی معاشرے کی ذہنی سطح کو جانچنا چاہتے ہیں تو بس یہ دیکھ لیجیے کہ وہاں کون سی کتابیں لکھی اور پڑھی جا رہی ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں کتابیں محض تفریح نہیں، بلکہ علمی اور فکری ارتقاء کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ وہاں لوگ سائنس، ٹیکنالوجی، نفسیات، مصنوعی ذہانت، کاروباری حکمت عملی، اور انوویشن پر مبنی کتابیں پڑھتے ہیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے خود کو تیار کر سکیں۔
اب ایک لمحے کے لیے دیکھیں کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں لوگ کیا پڑھ رہے ہیں، اور ان کے مصنفین کیا لکھ رہے ہیں:
1. Right Between the Ears: How to Use Brain Science to Build Epic Brands
2. Emotional Intelligence: Mastering Personal and Professional Growth in the Digital Era
3. Your Happiness Was Hacked: Why Tech Is Winning the Battle to Control Your Brain—and How to Fight Back
4. The Gene: An Intimate History
5. Invisible Empire: The Natural History of Viruses
6. But What Does Science Say? 101 Health Myths Busted
7. Techproof Me: The Art of Mastering Ever-Changing Technology
8. Thinking in Algorithms: Combine Human Creativity with Technical Skills for an AI Competitive World
9. Mastering the Data Paradox: Key to Winning in the AI Age
10. The Tech Whisperer: On Digital Transformation and the Technologies that Enable It
یہ وہ کتابیں ہیں جو مستقبل کی تشکیل کر رہی ہیں، جو لوگوں کو ڈیجیٹل دنیا کے چیلنجز، مصنوعی ذہانت، برانڈنگ، نیوروسائنس، اور کاروباری کامیابی کے اصول سکھا رہی ہیں۔ یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ہم کیا پڑھ رہے ہیں؟
پاکستان میں کتابوں کی دنیا میں سیاست، تاریخ، مذہب، اور سازشی نظریات کا راج ہے۔ ہم نے اپنی فکری حدود کو اتنا محدود کر لیا ہے کہ ٹیکنالوجی، اختراعات، مصنوعی ذہانت، مینجمنٹ، اور کاروباری حکمت عملی جیسے اہم موضوعات ہمارے ریڈار پر ہی نہیں آتے۔ بازار میں جائیں تو 80 فیصد کتابیں انہی پرانی بحثوں میں الجھی ہوئی نظر آئیں گی۔ کیا کوئی بھی معاشرہ اس یکطرفہ فکری روش کے ساتھ آگے بڑھ سکتا ہے؟
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہم نے اپنے آپ کو مسلسل ماضی میں الجھا رکھا ہے، جبکہ دنیا مستقبل کی طرف دیکھ رہی ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ کتابیں محض وقت گزارنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ہمارے ذہنوں کی تشکیل کرتی ہیں۔ اگر ہم وہی کچھ پڑھیں گے جو ہمیں ماضی میں الجھائے رکھے، تو ہم مستقبل کے لیے تیار کیسے ہوں گے؟